15 جون 2009 - 19:30

گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے حلقہ ایل اے3 گلگت3میں چار پولنگ اسٹیشنوں پر آج دوبارہ پولنگ جاری ہے تاہم پولنگ کا بائیکاٹ کرنے والے امیدواروں کے حامیوں کو منشتر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی ہے۔

حلقہ ایل اے17 دیامر3کے دو پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی گئی ہے۔گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے12 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں حلقہ ایل اے3گلگت3 کے چار پولنگ اسٹیشنوں پر ہنگامہ آرائی کے بعد پولنگ روک دی گئی تھی ۔الیکشن کمیشن نے اٹھارہ نومبر کو دوبارہ پولنگ کرانے کا اعلان کیا تھا۔ چاروں پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا آغاز صبح8بجے ہوا جو شام4بجے تک جاری رہے گی ۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار آفتاب حیدر کے علاوہ تمام امیدواروں نے پولنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ بائیکاٹ کرنے والے امیدواروں نے آج پولنگ کے دوران دنیور کے علاقے میں احتجاجی مظاہرے کئے جن کو منشتر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی۔امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری چاروں پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات کی گئی ہے۔دوسری طرف چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان رحیم نواز خان درانی نے حلقہ ایل اے17 دیامر3کے دو پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے ۔ ان پولنگ اسٹیشنوں پر ہنگامہ آرائی اور ہلاکتوں کے باعث بارہ نومبر کو پولنگ روک دی گئی تھی۔بارہ نومبر کو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی24 میں سے23نشستوں پر انتخابات ہوئے تھے۔21 نشتوں کے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔حلقہ ایل اے19 غزر ایک میں ایم کیو ایم کے امیدوار کے انتقال کی وجہ سے الیکشن ملتوی کردیئے گئے تھے۔دوسری طرف حالات کے پیش نظر گلگت، اسکردو، دیامر اور گانچھے کے بعد ڈپٹی کمشنر عبدالقمر شہزاد نے ضلع استور میں بھی دفعہ144 نافذ کردی ہے ۔ دفعہ144 کے تحت ضلع میں ہر طرح کے جلسے، جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی ہوگی۔